Friday, December 28, 2018

ساقئ جام کوثر ہمارے نبی

0 تبصرے
نعت نبی

شافعِ روزِ محشر ہمارے نبی
ساقئ جامِ کوثر ہمارے نبی

ان کی گفتار حق، ان کا کردار حق
بالیقیں حق کا مظہر ہمارے نبی

وہ ہیں بدر الدجیٰ، وہ ہیں شمس الضحیٰ 
ماہ و پروین و اختر ہمارے نبی

ان کا ہر انگ خوشبو سے دھلتا ہوا 
تھے سراپا معطر ہمارے نبی

بے کسوں، بے کلوں کا سہارا تھے وہ
شافیِ قلبِ مضطر ہمارے نبی

ہم کو دولت ملی ان سے اسلام کی
دین و ایماں کا محور ہمارے نبی

قاطعِ جہل وہ، ماحیِ شرک وہ 
جن و انساں کا رہ بر ہمارے نبی

دشمنوں کو گلے سے لگایا کیا 
رحمتوں کا پیمبر ہمارے نبی

ان کا ہر لمس برکت کا مظہر ہوا
خیر و برکت کا مصدر ہمارے نبی

اے ظفر وہ معلم ہیں اخلاق کے
عمدہ سیرت کا پیکر ہمارے نبی

0 تبصرے: