کی بورڈ: نام سے ہی اس کی اہمیت کا اندازہ ہوجانا چاہئیے۔ جی ہاں کی بورڈ یعنی تختۂ کلید یا کنجیوں کا تختہ۔ کنجی کی کیا حیثیت ہے یہ سب جانتے ہیں۔ کمپیوٹر اور موبائل کی دنیا میں کی بورڈ اہم کنجی ہے۔ اس کے بغیر کچھ بھی کرنا مشکل ہے۔
موبائل اور کمپیوٹر میں کی بورڈ کے بے شمار سانچے اور نسخے موجود ہیں۔ عموما احباب موبائل پر اردو لکھنے کے تعلق سے پوچھتے رہتے ہیں۔ اس لئے اس سلسلے میں ایک مختصر مضمون مرتب کرنے کا خیال آیا۔ یوں احباب کی مدد بھی ہوجائے گی، اور بلاگ میں ایک نئے مضمون کا اضافہ بھی!
دور حاضر کے تقریبا م ہی اسمارٹ فونس اردو کے قابل ہیں۔ جس میں آپ اردو پڑھتے اور لکھتے ہیں۔ پڑھنے کی حد تک تو کوئی بات ہی نہیں ہے، لیکن جہاں لکھنے کا مسئلہ آتا ہے وہاں ہم ادھر ادھر سردھنتے نظر آتے ہیں۔ اینڈرائیڈ کے سوفٹ ویئر بازار Google Play Store میں اردو لکھنے کے لئے کئی ختۂ کلید یعنی کی بورڈ موجود ہیں۔ جن میں سے متداول اور سب سے زیادہ مشہور 2 کی بورڈ ہیں۔
❶ او کی بورڈ Multiling O Keyboard
❷ گو کی بورڈ Go Keyboard
استعمال اور میموری کے اعتبار سے سب سے بہترین اوکیبورڈ ہے۔ میں خود بھی ایک عرصے سے اسی کو استعمال کرتا ہوں۔ اس لئے یہاں اسی کی بورڈ کی چند خصوصیات اور ترکیب استعمال پر گفتگو کروں گا۔
❶ تنصیب و تفعیل:
سب سے پہلے تو ہمیں اس کی بورڈ کو ڈاؤنلوڈ کرکے انسٹال کرنا ہوگا۔ اس کے لئے Google Play Store سب سے بہترین ویب سائٹ ہے۔ سوفٹ ویئر کا یہ سب سے محفوظ بازار ہے۔ جہاں بے شمار مفت سوفٹ ویئر موجود ہیں۔ اور کچھ سوفٹ ویئر پر قیمتیں بھی ہیں، جنہیں استعمال کرنے کے لئے خریدنا پڑتا ہے۔
اس سوفٹ ویئر بازار کے لئے آپ کو ایک گوگل ای میل یعنی Gmail بنانا ہوگا۔
آپ اوکی بورڈ کو مندرجہ ذیل لنک سے ڈاؤنلوڈ کرسکتے ہیں۔
جب یہ سوفٹ ویئر انسٹال ہوجائے تو اس کو کھولئے۔
سب سے پہلے Enable This Keyboard پر کلک کریں۔ اور جو فہرست نمودار ہوگی اس میں Multiling O Keyboard کو اختیار کریں۔
پھر واپسی کا بٹن دبائیں۔ اور دوسرے نمبر پر موجود Select This Keyboard پر کلک کریں۔ یہاں بھی نمودار ہونے والی فہرست میں Multiling O Keyboard کو اختیار کریں۔
اب آپ ٹائپنگ کے لئے کوئی بھی سوفٹ ویئر کھولئے، یا اسی فہرست میں سب سے آخر میں Test پر کلک کریں۔
اب آپ کا کی بورڈ بدل چکا ہے۔ لیکن پریشان نہ ہوں۔ ابھی تک آپ نے اردو زبان کو فعال نہیں کیا ہے۔ اس لئے اسپیس بٹن کو دبائے رکھیں تو کی بورڈ پر مختلف اختیارات نمودار ہوں گے۔ بائیں طرف سب سے اوپر Language ہوگا۔ اسپیس بٹن دباکر Language پر سوائپ کیجئے۔ یعنی گھسیٹتے ہوئے Language پر جاکر رک جائیں۔ اب مختلف زبانوں کی فہرست نمودار ہوگی۔ ان کی بناوٹ کے اعتبار سے ان کی درجہ بندی کی گئی ہے۔ اس میں سے Middle Eastern / Central Asian (ابجد) پر کلک کریں۔ اردو کی طرح لکھی جانے والی تمام زبانیں نمودار ہوں گی۔ ان میں سے آپ اردو کو اختیار کریں۔
❕ 🔴 آسانی کے لئے بتادوں کہ زبانوں کی درجہ بند فہرست میں سب سے نیچے Clear لکھا ہوگا۔ اس پر کلک کرنے سے کی بورڈ کی دوسری فعال زبانیں حذف ہوجائیں گی۔ اس لئے پہلے دیگر زبانوں کو حذف کرنا زیادہ بہتر ہوگا۔
طریقۂ استعمال:
یہ سب سے بہترین کی بورڈ ہونے کی وجہ سے اس میں بے شمار آسانیاں اور اختیارات ہیں۔ جن میں سے چند اہم ترین کا ذکر کروں گا:
1. زبان بدلنا: دوران تحریر بسا اوقات اردو لکھتے ہوئے انگریزی یا دیگر زبان میں لکھنا پڑ سکتا ہے۔ تو اس کے لئے زیادہ فکرمند نہ ہوں۔ آپ بہ یک وقت ہر زبان میں اسی کی بورڈ سے لکھ سکتے ہیں۔ اسپیس بٹن پر دائیں بائیں انگلی رگڑنے سے زبانیں بدلتی ہیں۔ اگر دو سے زائد زبانیں استعمال کررہے ہیں تو اسپیس بٹن کو تھوڑی دیر دبائے رکھیں۔ فعال زبانوں کی فہرست نمودار ہوگی۔ اپنی پسند کی زبان تک انگلی رگڑ کر لے جائیں اور لکھنا شروع کردیں۔
2. سانچے بدلنا: اس کے لئے بھی اسپیس بٹن کو دبائے رکھیں تو دائیں جانب کے کالم میں مختلف سانچے نظر آئیں گے۔ آپ انگلی رگڑ کر اپنے پسندیدہ سانچے کو اختیار کریں۔
3. سانچہ مرتب کرنا: اگر آپ چاہیں تو خود اپنی سہولت کے مطابق سانچے میں تبدیلی کرسکتے ہیں۔ لیکن اس کے لئے آپ کو سانچوں کے بارے میں اچھی جان کاری ہونی چاہئے۔ سانچہ مرتب کرنے کے لئے اسپیس بٹن کودباکر دائیں طرف موجود Layouts پر لے جائیں۔ نمودار فہرست میں [DIY+] لکھا ہوگا۔ اس پر کلک کریں۔ یہاں ایڈٹ کے آپشن سے آپ ایڈٹ کرسکتے ہیں۔ یا پھر کسی text editor ی مدد سے ایڈٹ کرنے کے لئے حالیہ سانچے کو Copy کریں۔ اور text editor پر جاکر اسے اپنے حساب سے ایڈٹ کرلیں۔ اور پھر اسی جگہ آکر اسے پیسٹ کردیں۔
4. ڈھانچہ بدلنا: یہ ایک بہترین خصوصیت ہے۔ جس کے تحت آپ کی بورڈ کی ساخت، رنگ اور حجم کو بدل سکتے ہیں۔ کی بورڈ کے بائیں طرف سیٹنگ کی علامت کو دباکر Theme تک لے جائیں۔ نمودار فہرست میں رنگ، حجم، انداز اور وال پیپر وغیرہ بدلنے کا اختیار ہوگا۔ ضرورت اور پسند کے حساب سے تبدیلی کرلیں۔
5. سوائپ: یہ بہت ہی کار آمد خصوصیت ہے۔ جس کی مدد سے موبائل میں تحریر کرنا بہت آسان ہوجاتا ہے۔
کسی بھی لفظ کو لکھنے کے لئے اب آپ کو کلک کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ بس اس لفظ میں موجود حروف پر سے انگلی پھیردیں، خود بہ خود لفظ تحریر ہوجائے گا۔
6. خود کار جملے: یہ بھی ایک نہایت ہی عمدہ سہولت ہے۔ ایک بار آپ کو مرتب کرنا ہوگا۔ پھر آسانی ہوگی۔ کسی بھی جملے کا اختصار بنا سکتے ہیں۔
مثلا ہمیں "السلام علیکم ورحمة الله وبركاته " زیادہ لکھنا ہوتا ہے۔ تو اس کے لئے اگر صرف اس یا جو اختصار آپ نے طے کیا ہے وہ لکھ دیں تو پورا جملہ خود بہ خود تحریر ہوجائے گا۔
اپنی پسند اور ضرورت کے جملوں کا اختصار مرتب کرنے کے لئے سیٹنگ بٹن دباکر Autotext پر کلک کریں۔ اور جملہ یا اقتباس لکھ کر اس کا ایک اختصار طے کریں۔
7. خود کار تصحیح: یہ بھی ایک بہترین سہولت ہے۔ اگر آپ کوئی لفظ غلط لکھ دیں تو یہ کی بورڈ اسے خود درست کرسکتا ہے۔
۞۞۞
LIKE↓& SHARE↓ it on Facebook
۞۞۞
Follow↓ me on Facebook
۞۞۞
0 تبصرے:
Post a Comment