عام انسانوں کی زندگی میں "آفتیں" اور عاشق مزاجوں کی زندگی میں "عورتیں" کبھی بول کر نہیں آتیں !!! زندگی بھلی چنگی گذر رہی ہوتی ہے ، لیکن اچانک کبھی کوئی آفت آپڑتی ہے۔ اس کے بعد نظام زندگی مانو کچھ عرصے کے لئے درہم برہم ہوجاتی ہے۔ عام انسانوں کی زندگی مشکل ہوجاتی ہے ، لیکن عاشق مزاجوں کو جینے کا سہارا مل جاتا ہے۔
ادب و شعر فہمی میں کمزور ہونے کے باوجود ادب سے دل چسپی تو بہر حال تھی اور اب بھی ہے۔اور وہ بھی کچھ اس طرح ہے کہ کوئی بھی انوکھا شعر دیکھا اس پر فدا ہوگئے -بس دل کو اچھا لگنا چاہئے – شعر کامفہوم سمجھ میں گرچہ نہ آوے۔ یہی میری "ادب دوستی"ہے۔ اور اسی نامراد دوستی کو دیکھ کر بعض شوخ دلوں میں یہ بات گھر کر گئی تھی کہ یہ بندہ بھی "عاشق مزاج" لگتا ہے۔
ان سب فکروں سے آزاد میں اپنی زندگی جئے جارہا تھاکہ ایک دن تو مجھ پر سچ مچ آفت آن پڑی !!! جی ہاں، آفت یعنی عاشقی کی لغت میں "عورت" !!
یوں تو بہتیرے آفتیں فیس بک کے دروازے پر دستک دیتی رہتی ہیں۔ پر جناب آفتوں کو خوشی سے کون گلے لگائے ؟ میں توتمام آفتوں کو نظر انداز کرتا رہا۔ لیکن اس نے تو شاید قسم کھا رکھی تھی۔ کئی بار نظر انداز کرنے کے باوجود وہ باز نہیں آئی۔ اچانک ایک روز فیس بک پر یہ پیغام وارد ہوا:
"پلیز، میری ریکویسٹ کو ایکسیپٹ کیجئے ناں !"
"محترمہ ، میں لڑکیوں کو اپنے حلقۂ احباب میں شامل نہیں کرتا۔"
"ظفؔر صاحب! میں آپ کو پہچانتی ہوں۔ بس آپ مجھے ایڈ کر لیجئے۔"
"ناں، محترمہ مجھ سے یہ امید نہ رکھئے گا!، معذرت خواہ ہوں۔"
"مجھے آپ سے کچھ دینی مسائل پوچھنا ہے۔"
" اوہ ، تو یہ بات ہے۔لیکن اس کے لئے لسٹ میں شامل ہونا ضروری تو نہیں! آپ سوال کریں، میں جواب اپنی پروفائل پر نشر کردوں گا۔"
خیر اس مکالمے کے بعد تو وقتا فوقتاً مسائل پوچھنے کا سلسلہ چل پڑا۔ لیکن جب آگے چل کر حال چال بھی پوچھے جانے لگے، تو مجھے احساس ہوا کہ یقیناً یہ کوئی آفت ہے۔ بہتیرے کوشش کے باوجود اس آفت سے پیچھا چھڑانا مشکل ہوگیا۔اور یہ سلسلہ طویل ہوتا چلا گیا۔اور غضب تو تب ہوا جب مجھے بھی اس کے سوالوں کا انتظار ہونے لگا۔ یعنی ظفر صاحب کسی شوخ کےعشقیہ جال میں پھنسنے لگے۔
خیر ، اللہ کی طرف سے میرے لئے آسانیاں ہوئیں کہ انہی دنوں میری شادی کی بات چیت شروع ہوگئی۔ اور الحمد للہ ایک مناسب رشتے پر بات طے ہوگئی۔ تب میں نے اس آفت کوپرکھنے کے لئے ایک دن یوں ہی بتایا کہ "الحمد للہ میری شادی کی بات طے ہوگئی!" اس کے بعد سے تو مسائل کا سلسلہ بالکل ختم اور آفت سے بھی نجات!!!
25 جولائی 2013ء
۞۞۞
LIKE↓& SHARE↓ it on Facebook
۞۞۞
Follow↓ me on Facebook
۞۞۞